ڈوڈہ//کانگریس سیوا دل کے سنجے منہاس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور محبوبہ مفتی کی قیادت والی ریاستی مخلوط حکومت دونوں لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں اور اُنہوں نے ابھی تک کوئی قابلِ ذکر کام انجام نہیں دیا ہے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں اُنہوں نے کہا ہے کہ ناشری ٹنل کانگریس پارٹی اور سابق ریاستی وزیرِ اعلیٰ غلام نبی آزاد کی دین ہے اور اس میں بی جے پی،پی ڈی پی یا ملکی وزیرِ اعظم کا کوئی کردار نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور ریاستی وزیرِ اعلیٰ سمیت مرکزی و ریاستی وزراء صرف کانگریس کے دور میں منظور شدہ کاموں اور پروجیکٹوں کے ربن کاٹ رہے ہیں اور ابھی تک وہ ایسے کسی کام کا افتتاح نہیں کر سکے ہیں جس کا کریڈٹ اُن کو جاتا ہو۔اُنہوں نے کہا کہ ناشری ٹنل سمیت ریاست کے جن پروجیکٹوں کا افتتاح موجودہ حکومت کے دور میں ہوا ہے وہ سب کانگریس کے دور میں ہوئے ہیں جب کہ موجودہ حکومت کا دور تو صرف احتجاج اور دھرنوں کا دور ثابت ہوا ہے ۔یہ حکومت تو ملازمین کو تنخواہ بھی دے پا رہی ہے اور ہر آئے دن کسی نہ کسی محکمہ کے ملازمین تنخواہوں کی واگذری کے لئے احتجاج کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ناشری ٹنل سابق ریاستی وزیرِ اعلیٰ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور اس کے لئے فنڈس کی فراہمی بھی کانگریس کے دور میں فراہم کی گئی ہیں۔اس ٹنل کا بیشتر حصہ بھی کانگریس کے دور میں ہے تعمیر ہوا تھا اور موجودہ حکومت کے دور میں اس کی صرف تکمیل ہوئی ہے۔اس میں نہ توبی جے پی کا کوئی ہاتھ ہے اور نہ ہی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا کوئی تعاون اس میں شامل رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی لیڈران نے انتخابات سے قبل لوگوں کو خوب سبز باغ دکھائے تھے اور بڑے بڑے وعدے کئے تھے،مگر اقتدار میں آنے کے بعد اُن پر ایسا نشہ چھایا کہ وہ سب کچھ بھول گئے۔اپنی ناکامی کو چھپانے اور لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے نوٹ بندی اور اسی جیسے دوسرے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ جن سے عوام کی مصائب اور پریشانیوں میں اضافہ کے سوا کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا ۔منہاس نے مزید کہا ہے کہ موجودہ مرکزی سرکار نے صرف ہوا میں باتیں کی ہیں اور زمینی سطح پر کچھ بھی نہیں ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ فور لین شاہراہ کی تعمیر بھی غلام نبی آزاد صاحب کا ایک دیرینہ خواب تھا جس کو اُنہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں پایہ تکمیل کو پہنچایا اور عبدالمجید وانی اور آزاد صاحب نے خطہ چناب کو گن پت پُل کا بے حد اہم تحفہ دیا جس کا تاحال موجودہ حکومت افتتاح بھی نہیں کر پا رہی ہے۔آج بھاجپا کے لیڈران اور ریاستی و مرکزی وزراء ناشری ٹنل کی افتتاح کے لئے بے چین ہیں اور اس کا کریڈت حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر عوام کو سب کچھ معلوم ہے کہ کس نے کیا کیا ہے۔