ایم ایم پرویز
رام بن//جمعہ کی دوپہر جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ناشری کے قریب ایک مقامی منی بس سڑک سے پھسل جانے سے کم از کم 13 مسافر زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق ایک اطلاع موصول ہوئی کہ ایک منی بس جس کا رجسٹریشن نمبر JK14A-3125 تھا، چندر کوٹ سے بٹوت جا رہی تھی، ناشری کے قریب سڑک سے پھسل گئی۔انہوں نے بتایا کہ 13 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ تمام 13 زخمی مسافروں کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بٹوت منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد چھ شدید زخمی مسافروں کو خصوصی علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال ادھم پور ریفر کیا گیا۔ہسپتال کے حکام نے پانچ زخمی مسافروں کی شناخت کی ہے جنہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال ادھم پور ریفر کیا گیا ہے جن میں گایتری دیوی (55) زوجہ کرتار سنگھ ساکن کرمیل، روما دیوی (50) زوجہ اومکار سنگھ ساکن کرمیل، خوشیلیہ دیوی (60) زوجہ سناسر چند ساکن تھوپال،شام دیوی(70)زوجہ ملک رام ساکن تھوپال ،محمد امین (30) ولد محمد دین ساکنہ ثناء، طیب علی (25) ولد جماعت علی ساکن کنفر چندر کوٹ شامل ہیں۔سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بٹوت کے حکام نے بتایا کہ دیگر سات افراد جنہیں معمولی زخم آئے ہیں وہ مستحکم ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ تمام سات زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ایس ایچ او تھانہ چندر کوٹ، انسپکٹر جے ایس رکوال نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ مزید تحقیقات کے لیے پولیس سٹیشن چندر کوٹ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔