سرینگر// کشمیر میں موجودہ ناسازگار موسمی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے حریت (ع) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے یہ ایک کڑی آزمائش ہے اور عوام الناس بالخصوص علمائے کرام اور ائمہ حضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پنجگانہ نمازوں خصوصاً نماز جمعہ کے موقعے پر مجالس توبہ و استغفار کا اہتمام کرکے اللہ تعالیٰ سے رحمت و بخشش اور موسم کی بہتری کیلئے دعا کریں۔ میرواعظ نے کہا کہ ناموافق موسم اور طوفان باد باراں نے جہاں اہل وادی کو شدید دہشت زدہ کر دیا ہے وہیں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ایک بار پھر 2014جیسی سنگین سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے اور وادی کے بیشترعلاقوں میں پانی بھر جانی کی وجہ سے ہزاروں لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ میرواعظ نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں صرف اللہ تعالی ٰ کی ذات سے تمسک پیدا کر نے سے ہی نجات حاصل کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتنی میشینری زبانی اعلانات اور نام نہاد انتخابی ڈرامے کے مشغلے میں گرفتار ہو چکی ہے اور عوام الناس کو جو پریشانیاں لاحق ہو چکی ہیں اُن کو اس کی کوئی پروا نہیں ۔دریں اثنا حریت ترجمان نے کشمیر کے شمال و جنوب میں حریت پسند قائدین ، کارکنوں اور نوجواں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں ، شبانہ چھاپوں اور لوگوں کو ہراساں کر نے کی کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں جوں جوں نام نہاد انتخابات کی تاریخ قریب آرہی ہے ریاستی حکومت نے بڑے پیمانے پر نوجوانوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور حریت پسند قائدین اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے ڈالے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ حریت پسند عوام کو دبانے کیلئے نام نہاد جمہوریت کے خاکوں میں رنگ بھرنے کیلئے ریاستی حکمران ہر غیر جمہوری حربہ استعمال کر رہے ہیں اور کشمیر کے شمال و جنوب میں نام نہاد انتخابات سے قبل جس طرح خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا جا رہاہے اور جگہ جگہ ناکہ بندی ، جامہ تلاشیاں اور چیکنگ کے نام پر لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے وہ ریاستی حکومت کی یہاں کے عوام کے تئیں جارحانہ پالسیوں کا واضح عکاس ہے۔