رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے ناریاں گاؤں کے لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناریاںعلاقہ میں جموں کشمیر بینک کی شاخ کھولی جائے تاکہ صارفین کو علاقہ میں ہی بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں ۔صارفین نے بتایا کہ علاقہ میں بینک شاخ نہ ہونے کی وجہ سے ان کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے دیگر علاقوں میں جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ برسوں سے علاقہ میں بینک شاخ کھولنے کا مطالبہ کیاجارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ ناریاں ایک بہت بڑا وسیع گاؤں ہے اور اس میں چار پنچائت آتی ہیں اس طرح ہزاروں کی آبادی والا یہ گاؤں ترقی کے میدان میںپسماندہ ہو کررہ گیا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ جموں کشمیر بینک کی شاخ نہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ گاؤں کے لوگ بینک سے متعلق کام کے لئے نوشہرہ جاتے ہیں جو ناریاں گاؤں سے 35 کلومیٹر کی دوری پر ہے اور انہیں راستے میں دو گاڑیاں بھی بدلنی پڑتی ہیں ۔ لوگوں کے مطابق مرکزی سرکار کی طرف سے ہر پنچایت میں بینک کھولنے کے لئے ریاستی سرکاروں کو اجازت بھی دی گئی ہے مگر پھر بھی سرکار ان کی اس مانگ کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ اور جموں کشمیر بینک کے چیئرمین سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناریاں گاؤں میں جموں کشمیر بینک کی شاخ کھولی جائے تاکہ صارفین کی پریشانی حل ہو سکے ۔