چنئی //سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی کی ہدایات پر ناظم سیاحت کشمیر محمود احمد شاہ نے چنئی میں آر تھرومنی کے اہلِ خانہ کے ساتھ ملاقات کی۔ یہ 22 سالہ نوجوان8 مئی کو نار بل سرینگر میں ایک بدقسمت حادثے کے دوران لقمہ اجل بن گیا تھا ۔ ناظمِ سیاحت نے اس نوجوان کے لواحقین کو 5لاکھ روپے کا چیک سونپا اور کہا کہ پورا جموں و کشمیر دُکھ کی اس گھڑی میں سوگوار کنبے کے ساتھ ہے ۔ واضح رہے کہ سیاحت کے وزیر تصدق مفتی کو اس کنبے کا دورہ کرنا تھا تا ہم کچھ مصروفیاتی وجہ سے آخری مرحلے پر انہیں یہ دورہ ملتوی کرنا پڑا ۔ تا ہم وہ عنقریب ہی کنبے کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ اس موقعہ پر کئی دیگر اہم شخصیات بھی ناظمِ سیاحت کے ہمراہ تھیں ۔ واضح رہے کہ تھرومنی اور اس کا کنبہ اُس وقت گلمرگ جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا ۔ تھرومنی کی ہلاکت کے بعد وزیر اعلیٰ نے بذاتِ خود ہسپتال کا دورہ کیا تھا ۔ وزیر اعلیٰ اور سیاحت کے وزیر نے کنبے سے معافی بھی طلب کی تھی اور وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبے کو دو لاکھ روپے کی نقد امداد دی تھی علاوہ ازیں حکومت نے مارے گئے نوجوان کو چنئی پہنچانے کیلئے ہوائی ٹکٹوں کا انتظام کیا تھا ۔ ناظمِ سیاحت نے کہا کہ ہر ایک کشمیری کو اس حادثے پر دُکھ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سیاحوں کیلئے ایک محفوظ جگہ ہے ۔ انہوں نے ٹریول ایجنٹوں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو کشمیر کی جانب راغب کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔