سوناواری // سمبل میں سینکڑوں کنال زرعی زمین کو سیراب کرنے والی آبپاشی نہر نارہ بل سے مجہ گنڈ تک کوڑے دان میں تبدیل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے زمینداروں کوپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نہر سے سینکڑوں کنال سیراب ہونے والی زمین کے مالکان کا کہنا ہے کہ یہ آبپاشی نہر چند سال قبل انتہائی صاف و شفاف ہوا کرتی تھی لیکن بدقسمتی سے اس وقت نہر ناقابل استعمال بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ نہر ناقابل استعمال بننے کے ساتھ ساتھ کوڑے دان کی صورت اختیار کرچکی ہے جس میں رہائشی کالنیوں کا فضلہ ،پالتھین اور گندگی کے ڈھیرجمع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نہر سے وابستہ آبپاشی عملہ نے اس کو نظر انداز کردیا ہے۔نارہ بل،سوزیٹھ ،رمبیل گڑھ،لاوے پورہ،گنڈ حسی بٹ،مجہ گنڈ اور ملورہ علاقوں سے وابستہ سینکڑوں کنال اراضی کوبنجر بن جانے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ مقامی آبادی نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ ارگیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ اس آبپاشی نہرکو جلد از جلد قابل استعمال بنایا جائے۔