سرینگر// قمرواری ، ناربل اور ملحقہ علاقوں کی خواتین نے جہانگیر چوک سے ناربل تک عورتوں کے لئے مخصوص بس سروس چالو کرنے کی مانگ کی ہے۔ قمرواری سے ناربل تک ملحقہ علاقوں جن میں برتھنہ، منڈی، شالہ ٹینگ، مصطفٰی آباد، عمر آباد ، ہوکرسر، شاہ ولایت کالونی، علی آباد ، لاوے پورہ ، گنڈ حسی بٹ ، ریڈیو کالونی ، کرمانی آباد اور سوزیٹھ شامل ہیں،کی خواتین خصوصاً طالبات نے ٹریفک حکام سے عورتوں کے لئے مخصوص بس سروس چالو کرنے کی مانگ کی ہے۔ علاقہ کی خواتین کا کہنا ہے کہ صبح اور شام خاص طور پرسکولوں کے کھلنے اور بند ہونے کے وقت جہانگیر چوک سے ناربل روٹ پر چلنے والی گاڑیاں ایک طرف سے سواریوں سے کھچا کھچ بھری ہوتی ہیں اوردوسری طرف یہ گاڑیاں ناربل سے جہانگیر چوک اور جہانگیر چوک سے ناربل تک کافی وقت لگاتی ہیں اور منٹوں کے سفر کے لئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کے کھلنے اور بند ہونے کے وقت ناربل گاڑیوں میں کافی زیادہ اورلوڈ ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان گاڑیوں میں سوار ہونا محال ہوتا ہے اور گاڑیوں سوار ہونے والی خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور ایس آر ٹی سی حکام سے اپیل کی کہ صبح اور شام جہانگیر چوک اور ناربل تک خواتین کے لئے مخصوص بس سروس چلائی جائے تاکہ مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔