بلال فرقانی
سرینگر// ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی’’ نارکو فائنانسنگ‘‘ کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر ہفتہ کی صبح وسطی اور شمالی کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ذرائع نے بتایا کہ مقامی پولیس اور سی آر پی ایف کے تعاون سے تفتیشی ایجنسی کے اہلکاروں نے گرمائی دارالحکومت سرینگر، بڈگام، کپواڑہ اضلاع میں چھاپے مار کر تلاشیاں لیں۔سرینگر میں ہوٹل آلمنڈس لال منڈی میں کمرہ نمبر 219 میں چھاپہ مارا گیا جس میں گلزار احمد میر ولد غلام نبی ساکن کشتواڑ مقیم ہے۔ میر محکمہ زراعت سوئل اسسٹنٹ کے بطور کام کررہا ہے۔ایس آئی اے کی ایک اور ٹیم نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بٹہ پورہ کچواری کے رہنے والے بشیر احمد ڈار ولد غلام احمد کے گھر پر چھاپہ مارا۔ذرائع نے کہا کہ “کچھ لوگ جو منشیات کی دہشت گردی کی مالی معاونت کے گٹھ جوڑ میں ملوث پائے گئے تھے، کو قانون کے متعلقہ سیکشنز کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور اس گٹھ جوڑ میں کچھ اور لوگوں کے ملوث ہونے کے بارے میں تحقیقات جاری ہے جو پہلے ہی زیر تفتیش ہیں۔ “عہدیداروں نے بتایا کہ SIA کو سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے ماڈیولز، علیحدگی پسندوں، دہشت گرد تنظیموں کے اوور گراؤنڈ کارکنوں اور مارے گئے دہشت گردوں کے خاندانوں کی مالی اعانت کے لیے اس سے فنڈز پیدا کرنے کے حوالے سے کئی شواہد ملے ہیں۔تلاشی کے دوران مجرمانہ مواد بشمول ڈیجیٹل وزنی مشین، موبائل فون، الیکٹرانک گیجٹس، اہم دستاویزات، بینک اکانٹس، ڈیجیٹل شواہد اور کیس کی تفتیش پر اثر انداز ہونے والا دیگر مجرمانہ مواد برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا۔
نارکو ٹیررفائنانسنگ | ایس آئی اے کے وسطی اور شمالی کشمیر میں چھاپے
