بارہمولہ // نارواو بارہمولہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے جس کے نتیجے میں کئی دیہات کے لوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پر الزام عائد کر تے ہوئے بتا یا کہ محکمہ ہذا کے متعلقہ افسران کی عدم توجہی سے پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے اور لوگ ندی نالوں کاگندہ پانی پینے پر مجبور ہیں، جس سے مہلک اور خطرناک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطر ہ لاحق ہے۔ ایک مقامی شہری نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے اگرچہ کئی سکیموں پرکام شروع کیا گیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اُس کام کو ادھورا چھوڑاگیا جس سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی ؎ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر پہلے ہی واٹر سپلائی سکیمیں موجود ہیںلیکن اُنہیں شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اب وہ پائپیں زنگ آلودہ ہوچکی ہیں ۔ مقامی لوگوںنے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں ۔