حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے بنوت گاؤں سے تعلق رکھنے والے صہیب ملک اور سیڑھی چوہانہ گاؤں کے سلیم ملک کو نارتھ زون انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 10 فروری 2025 سے 19 فروری 2025 تک دہلی یونیورسٹی میں منعقد ہوگا۔بتا دیں کہ وہ کوچ راج کمار بخشی کی رہنمائی میں جموں یونیورسٹی کی نمائندگی کریں گے۔ اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے راہول ڈریوڈ کرکٹ کلب پونچھ کے کوچنگ اسٹاف نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔انہوںنے کہا جموں یونیورسٹی میں کھیل اور جسمانی تعلیم کے ڈائریکٹر داؤد اقبال بابا طلباء میں کھیلوں اور فٹنس کو فروغ دینے کیلئے شاندار کام کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی قیادت میں شعبہ نے مختلف انٹر یونیورسٹی ٹورنامنٹس میں شرکت اور بہتر تربیتی سہولیات کے ساتھ نمایاں ترقی دیکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان میں چھپے ہنر کو پروان چڑھانے اور کھیلوں میں نظم و ضبط کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے ان کی لگن قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا ان کی کوششوں نے نہ صرف ایتھلیٹکس میں یونیورسٹی کی ساکھ کو بڑھایا ہے بلکہ خواہشمند کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطحوں پر سبقت حاصل کرنے کیلئے ضروری وسائل اور رہنمائی بھی فراہم کی ہے۔