سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے وادی کے منفرد جغرافیائی منظر نامے کو تحفظ دینے کیلئے جامع کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اُن افراد کے خلاف سخت کاروائی کرے گی جو زمین کے کٹاؤ اور سڑکوں کے اطراف ناجائیز تجاوزات کرنے میں ملوث پائے جائیں گے۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ماحولیات اور جغرافیات کو نقصان پہنچانے کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کاروائی کریں۔نعیم اختر نے ریاست میں کئی مقامات پر سڑکوں کے اطراف کریواؤں کو نقصان پہنچانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرایوؤں کو تحفظ بخشنا متعلقہ انجنیئروں اور ملازمین کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریوا ہمارے لئے خزانہ کی مانند ہیں اور انہیں آنے والی نسلوں تک بچائے رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ اس بات کی جانچ کرنے کے لئے کہ سڑکوں کے اطراف ناجائیز تجاوزات کئے گئے ہیں یا کریواؤں کو کوئی نقصان پہنچایا گیا ہے، جدید سیٹلائٹ امیجری کا استعمال کرے گی۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ بڈگام اور دیگر کریوا والے علاقوں کی طرف خصوصی توجہ دیں۔وزیر نے چیف انجنیئر آر اینڈ بی اور دیگر افسروں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور جموں وکشمیر ربن ڈیولپمنٹ ایکٹ کی سختی سے عمل آوری پر زور دیا۔