مشتاق الاسلام
پلوامہ//خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم کے متاثرین کو انصاف دلانے کی کوششوں میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے شوپیان میں پولیس نے ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمے میں دو ملزمان کو سزا دلوائی ہے۔ یہ مقدمہ پولیس اسٹیشن زینہ پورہ میں ایف آئی آر نمبر 150/2022 کے تحت درج کیا گیا تھا، جو دفعہ 363 بھارتی تعزیراتِ قانون (IPC) اور دفعہ 3/4، 17 پوکسو ایکٹ (POCSO Act) کے تحت قابلِ سزا جرائم سے متعلق تھا۔تفصیلی عدالتی کارروائی کے بعد کل پرنسپل سیشنز جج شوپیان نے فیصلہ سناتے ہوئے یاور احمد شیخ ولد غلام محمد شیخ اور معراج احمد ڈار ولد عبدالغفار ڈارساکناں خواجہ پورہ چتراگام، شوپیان کو مجرم قرار دیا۔ دفعہ 363 آئی پی سی کے تحت، یاور احمد شیخ کو پانچ سال کی سخت قید اور دس ہزار روپے جرمانہ، اور عدم ادائیگی کی صورت میں ایک ماہ کی سادہ قید سنائی گئی۔ پوکسو ایکٹ کے تحت، اسے دس سال کی سخت قید اور بیس ہزار روپے جرمانہ، اور عدم ادائیگی کی صورت میں تین ماہ کی سادہ قید سنائی گئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ دونوں سزائیں بیک وقت چلیں گی، جس کے نتیجے میں مثر سزا دس سال کی سخت قید ہوگی۔دوسرے مجرم معراج احمد ڈار کو پانچ سال کی سخت قید اور دس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ یہ سزا شوپیان پولیس کی پیشہ ورانہ تفتیش اور مضبوط پیروی کا نتیجہ ہے، جس نے متاثرہ نابالغ لڑکی کو انصاف دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایس ایس پی شوپیان نے اس کامیابی پر پراسیکیوشن ٹیم اور تفتیشی افسران کو مبارکباد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت و مثر ہم آہنگی کو سراہا، جس کے باعث یہ فیصلہ ممکن ہوا۔