سرینگر// عدالت عالیہ نے صدر کوٹ بالا بانڈی پورہ کے کمسن طالب علم کی سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بلوال جیل منتقلی پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بانڈی پورہ سے جواب طلب کرتے ہوئے سرکار سے مذکورہ کمسن کو فوری طور وادی کے کسی جوینائل ہوم منتقل کرنے کا حکم دیا ہے ۔جسٹس مظفر حسین عطار پر مشتمل سنگل بنچ نے بنہ پورہ صدر کوٹ بالا بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے تجمل رسول کے افراد کنبہ کی طرف سے دائر عرضی پر سماعت کے بعد یہ ہدایات جاری کیں ۔جسٹس موصوف نے کہاکہ ’’جیسا کہ مذکورہ قیدی کی سکولی سند میں اسکی تاریخ پیدائش سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ تجمل رسول نابالغ ہے لہٰذا اس پر سیفٹی ایکٹ عائد کرنا اور اسے جیل منتقل کرنے کے فیصلے پر سوال اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ایڈوکیٹ ناصر قادری کی طرف سے تیار کردہ پٹیشن پر اپنا فیصلہ صادر کرتے ہوئے جسٹس مظفر حسین عطار نے ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ سے اس معاملے میں جواب طلب کیا ہے ساتھ ہی سرکار کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مذکورہ نابالغ قیدی کو وادی کے کسی جوینائل ہوم میں رکھیں ۔اس کیس کی اگلی سماعت 15نومبر کو مقرر کی گئی ہے ۔