عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے علاقہ ڈول میں مٹی کے تودے گرنے سے مین نائی گڑھ گریویٹی واٹر سپلائی لائن کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے قصبہ کشتواڑ و اس کے ملحقہ علاقوں کو پانی کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پائپ لائن میں خلل کے سبب مقامی لوگوں کو بڑے پیمانے پر تکلیف کا باعث بنا ہے جو اپنی روزمرہ کی پانی کی ضروریات کیلئے اس پائپ لائن پر انحصار کرتے ہیں۔ حکام کے مطابق مٹی کا تودہ جاری موسمی حالات کی وجہ سے پائپ لائن سے پر گرآیا جس کے نتیجے میں سپلائی نیٹ ورک میں بڑا شگاف پڑ گیا۔ انتظامیہ نے فوری طور پر بحالی کا کام کرنے کے لیے مردوں اور مشینری کو تیزی سے متحرک کر دیا ہے۔ محکمہ جل شکتی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہنگامی بنیادوں پر کوشش کی جا رہی ہے کہ نقصان کو ٹھیک کیا جائے اور جلد از جلد پانی کی معمول کی فراہمی بحال کی جائے۔ حکام نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ دستیاب پانی کے وسائل کو درست طریقے سے استعمال کریں جب تک کہ مرمت مکمل نہ ہو۔ انہوں نے عوام کو یہ بھی یقین دلایا ہے کہ بحالی کی پیشرفت کے بارے میں اپ ڈیٹس باقاعدگی سے شیئر کی جائیں گی۔پانی کی اچانک قلت نے کشتواڑ میں روزمرہ کی زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے جس سے گھریلو کاروبار اور ضروری خدمات متاثر ہوئی ہیں۔متعدد لوگوں نے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی اپیل کی ہے۔