سرینگر//سرینگر میں نائک پورہ سے نوگام3کلومیٹرسڑک خستہ حال پڑی ہے جس کی وجہ سے ان دونوں علاقوں اورمتصل کالونیوں میں رہنے والوں کوسخت مشکلات درپیش ہیں ۔ شہرکی مختلف پُرانی بستیوں کے علاوہ وادی کے مختلف اضلاع سے درجنوں کنبوں نے نوگام ، نائک کالونی،ابو بکر کالونی،محبوب کالونی ،نٹی پورہ اورنواحی علاقوں میں پلاٹ خریدکرمکانات تعمیرکئے لیکن برسوں بعدبھی یہاں بننے والی نئی کالونیوں اوربستیوں میں مقیم کنبے بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نائک باغ سے نوگام تک کی سڑک کی دوری 3کلومیٹرسے کچھ زیادہ ہوگی لیکن پچھلے 16برسوں سے یہ اہم سڑک متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کی شکاررہی ہے ،جسکاخمیازہ مقامی آبادی کواُٹھاناپڑتاہے۔ سڑک حالیہ کئی برسوں سے کافی اہمیت کی حامل رہی ہے کیونکہ یہاں سے بھی پلوامہ ضلع کے کئی علاقوں کی طرف قدرے کم فاصلے والاراستہ جاتاہے ۔مقامی لوگ کہتے ہیں کہ صبح تاشام اس روڑپرگاڑیوں کی قطاریںنظرآتی ہے جس وجہ سے سڑک پرٹریفک کاکافی دبائو رہتاہے ۔انہوں نے کہاکہ رابطے کے اعتبارسے اہم ہونے کے باوجوداس سڑک کی جانب متعلقہ محکمہ محکمہتوجہ دینے کی زحمت تک گوارانہیں کرتے بلکہ بعض اوقات یہاں مٹی اورباجری ڈلوادی جاتی ہے ،جوبارش ہونے کے بعدیہاں سے گزرنے والوں اورمقامی آبادی کیلئے بھی وبال جان بن جاتی ہے ۔نٹی پورہ تانوگام متاثرہ لوگوں نے بتایاکہ اُنہوں نے راستہ روک کرکئی مرتبہ احتجاج کیا،اورپروقت ہمیں یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ اس سڑک کوترجیحی بنیادپرٹھیک کی جائیگی لیکن رات گئی بات گئی کے مصداق پھرکوئی اس سڑک کی طرف توجہ نہیں دیتا۔لوگوں نے وزیرتعمیرات نعیم اختراوروزیرتعلیم سیدالطاف بخاری سے فوری توجہ مبذول کرنے کی اپیل کی ۔