نائجیریا/افریقی ملک نائجیریا میں سڑکوں پر حادثات سے بچاؤ کے ادارے نے بطور سزا خواتین اہلکاروں کے بال کاٹنے پر اپنے ایک سینیئر کمانڈر کے خلاف کارروائی کی ہے۔یہ کارروائی ایک ویڈیو سامنے کے بعد کی گئی جس میں مذکورہ کمانڈر نے دو قینچیاں ہاتھوں میں تھام رکھی تھیں اور خواتین اہلکاروں کے لمبے بال کاٹتے دکھائی دے رہے تھے۔اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔سڑکوں پر حادثات سے تحفظ دینے والے ادارے 'ایف آر ایس سی' میں خواتین اہلکاروں کے بالوں سے متعلق قواعد و ضوابط موجود ہیں تاہم ادارے کے ایک ترجمان کے مطابق کمانڈر نے اختیارات سے تجاوز کیا۔نائجیریا کے صدر محمدو بوہاری کی ایک قریبی ساتھی لوریتا اونوچی نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ پر خواتین اہلکاروں کے بال کاٹنے کے اقدام کو'خواتین کی تضحیک' قرار دیا۔اطلاعات کے مطابق 'ایف آر ایس سی' کے علاقائی کمانڈر اینڈریو کمپائی نے پیر کی صبح پورٹ ہارکورٹ شہر میں ہونے والی پریڈ میں سزا کے طور پر خواتین اہلکاروں کے بال کاٹے۔کمانڈر اینڈریو کمپائی نے ابھی تک اپنا ردعمل نہیں دیا ہے۔'ایف آر ایس سی'کی پریڈ میں شامل ہونے والی خواتین کے لیے موجود قواعد و ضوابط کے مطابق انے بال لازماً ٹوپی کے نیچے ہونے چاہییں لیکن ان قواعد میں لمبے بالوں پر پابندی کے بارے میں کچھ نہیں کیا گیا۔
۔ادارے کے فیس بک صفحے پر اس واقعے کی ایک پوسٹ شائع ہوئی تھی جسے اب ہٹا دیا گیا گیا ہے تاہم اس واقعے کی تصاویر کو ہزاروں بار فیس بک پر شیئر کیا گیا ہے۔اس پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ اینڈریو کمپائی سٹاف کے بالوں، یونیفام اور ناخنوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔