عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ابوجا// نائجیریا میں مہینوں سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 321 ہو گئی ہے ۔انامبرا کے گورنر چکووما سولودو نے دارالحکومت ابوجا میں صدارتی رہائش گاہ پر منعقدہ قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو ایک بیان دیا۔سولودو نے بتایا کہ اپریل اور اکتوبر کے درمیانی عرصے میں شدید بارشوں کی وجہ سے ملک کے 217 علاقوں میں سیلاب آیا۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں جانی نقصان بڑھ کر 321 ہو گئی، جبکہ 2 ہزار 854 لوگ زخمی ہوئے ۔سیلاب سے 1.3 ملین سے زائد شہریوں کے متاثر ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے سولودو نے کہا، “سیلاب کی وجہ سے 7 لاکھ 41 ہزار لوگ بے گھر ہوئے ، 2 لاکھ 81 ہزار مکانات کو نقصان پہنچا اور وسیع پیمانے کی زرعی اراضی متاثر ہوئی۔”افھر مشرقی اسپین میں دہائیوں کے بدترین سیلاب کے بعد ریسکیو حکام نے شہر کے مضافاتی علاقے کے گیراج سے 8 افراد کی لاشیں برآمد کی ہیں جس سے ویلنسیا شہر میں ہلاک افراد کی تعداد بڑھ کر 155 تک جاپہنچی ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپ میں کئی برسوں کے بدترین سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے حوالے سے حکام نے معلومات فراہم نہیں کیں۔