حد متارکہ کے نزدیک آبادی کیلئے حکومت مضبوطی کیساتھ کھڑی :سریندر چوہدری
رمیش کیسر
راجوری//ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر، سرینڈر کمار چوہدری نے مسلسل دوسرے دن نوشہرہ حلقہ انتخاب کے تقریباً 15 سرحدی دیہاتوں کا دورہ کیا تاکہ حالیہ سرحد پار گولہ باری کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے ساتھ حکومت کے عزم اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر حال میں اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ دو روزہ دورہ حالیہ گولہ باری کے تناظر میں زمینی صورتحال کا جائزہ لینے، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے مقصد سے کیا گیا۔دورے کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے گولہ باری سے متاثرہ گھروں کا معائنہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ان کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے اور تمام ضروری وسائل کو متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔عوامی رسائی کیمپوں میں، انہوں نے مقامی افراد کی شکایات سنیں اور حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہنے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہاکہ ’لائن آف کنٹرول کے نزدیک رہنے والے ہر فرد کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر مختلف وفود نے ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کی اور ان کے سامنے انفرادی و اجتماعی بنکرز کی تعمیر، گولہ باری سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ، پانی کی قلت، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، اور لنک روڈز کی بہتری جیسے اہم مسائل اٹھائے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں اور عوام کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار اور مقررہ وقت میں پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور جموں و کشمیر، خاص طور پر سرحدی و دور افتادہ علاقوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید کہا کہ اضافی انفرادی اور اجتماعی بنکرز جلد ہی اسٹریٹیجک مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے تاکہ گولہ باری کے دوران فوری پناہ فراہم کی جا سکے۔