سرینگر //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے نئی دہلی میں کئی مرکزی وزراء کے ساتھ ملاقات کی اور جموں وکشمیر میں عملائی جارہی مرکزی معاونت والی کئی سکیموں کے حوالے سے اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ریاست کے ترقیاتی منظر نامے کو آگے لے جانے اور ریاستی حکومت کی طرف سے ترقیاتی اقدامات کو تقویت بخشنے کے لئے کئی نئی سکیمیں شروع کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔مکانات و شہری ترقیاتی سیکٹر میں شرو ع کئے گئے اقدامات پر مرکزی وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی ہردیپ سنگھ پوری کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے مرکزی سکیموں کا دائرہ کار وسیع کرنے کی درخواست کی تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے لوگوںکو ہر طرح کی سہولیات ملک کے بڑے شہروں کی طرز پر دستیاب ہوں گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے این بی سی سی کی طرف سے عملائے جارہے ڈرنیج پروجیکٹ میں تیزی لانے کا بھی مطالبہ کیااور کہا کہ جموں شہر میں رہ گئے کاموں کو ہاتھ میں لیا جانا چاہئے اور شہر سرینگر میں عملائے جارہے کام کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے جموں کے تین بڑے شہروں کٹرہ، اودہمپور اور کٹھوعہ کو امرت کے دائرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے توی ریور فرنٹ پروجیکٹ کو بھی زیر بحث لایا اور کہا کہ جموں شہر کے لئے یہ انتہائی اہم پروجیکٹ ہے جس کی رو سے توی دریا کے کناروں کو سابر متی دریا کی طرز پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے جے ڈی اے اور ایس ڈی اے کی طرف سے ان دو دارالخلافائی شہروں میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کو بھی زیر بحث لایا اور کہا کہ ان دو شہروں میں بلدیاتی سہولیات میں بہتر ی لانے کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جارہے ہیں۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر برائے سڑک، ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نتن گڈکری کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ جاری پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے ریاست میں نئی پروجیکٹ متعارف کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔