جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں صوبہ جموں میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا جس دوران نائب وزیر اعلیٰ نے جموں کے صوبائی کمشنر کو ان ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر مسلسل نظر رکھ کر انہیں تسلسل کے ساتھ رپورٹ دینے کے لئے کہا۔ انہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ معیار کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ معیاد کے اندر ان کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں تا کہ ان کے فوائد کو زمینی سطح پر منتقل کیا جا سکے ۔ اہم منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے سپر بازار میں زیر تعمیر کثیر منزلہ پارکنگ کو فوری طور پر مکمل کرنے کے لئے کہا۔ اس کے علاوہ بس سٹینڈ ملٹی ٹائر پارکنگ و کمرشل کمپلیکس، پنج تیرتھی پارکنگ، پیر کھو پارکنگ، ریور فرنٹ، ہیری ٹیج سنٹر، ہری سنگھ پارک وغیرہ پر جاری کاموں کا بھی معائینہ کیا۔ میٹنگ میں ممبر اسمبلی ایسٹ راجیش گپتا، ڈویژنل کمشنر ایم کے بھنڈاری ، ڈی سی جموں راجیو رنجن، کمشنر جے ایم سی یم راجو، وائس چیئر مین جے ڈی اے راجیش کمار شائون اور دیگران بھی موجود تھے۔