سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مکانات اور شہری ترقیات شعبے کے تحت لئے گئے ترقیاتی سکیموں کو مشن موڑ کے تحت مکمل کریں تاکہ وادی میں لوگوں کو جدید طرز کی رہائشی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے سرینگر میں مکانات و شہری ترقیات محکمہ کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں ، فلیگ شپ پروگراموں ، کیپکس بجٹ اور دیگر سکیموں کے بارے میں تفصیل سے جانکاری حاصل کی۔ مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی میٹنگ میںموجود تھیں۔اس کے علاوہ کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ہردیش کمار،جموں اور سرینگر میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنر ، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر ، ایم ڈی ہاوسنگ بورڈ ، چیف انجینئر یو ای ای ڈی ، جنرل منیجر این بی سی سی اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں شرکت کی۔نائب وزیراعلیٰ نے امرت پروگرام کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروگراموں کا جائز ہ لیتے ہوئے ان پروجیکٹوں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کی بدولت ملک کی مختلف ریاستوں میں شہری منظر نامے میں ایک نمایاں تبدیلی دیکھنے کو ملی اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ اس خطے کے لوگ بھی سکیم سے استفادہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سکیم ریاست کے پانچ قصبوںمیں عملائی جارہی ہے اور سکیم کے تحت 85پروجیکٹ منظور کئے گئے ہیں جن میں سے 80پروجیکٹو ں کا ڈی پی آر بھی تیار کیا جاچکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس پروجیکٹ کو مکمل ہونے شہر سرینگر میں پارکنگ کے مسئلے پر کافی حد تک قا بو پایاجاسکے گا۔ انہوںنے پریس کالونی اور شیخہ باغ میں پارکنگ سہولیات کوبھی جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔نائب وزیراعلیٰ نے برار نمبل کو بحال کرنے کے کام میں بھی تیزی لانے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ علاقے کے ماحولیات کو برقرار رکھنے کے لئے اس آبی ذخیرے کو بحال کرنا لازمی ہے۔ انہوںنے شہرہ آفاق جھیل ڈل اور خطے کے دیگر آبی ذخیروں سے گھاس پھوس نکالنے کی بھی ہدایت دی۔انہونںنے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈرنیج اور آبی ذخیروں سے ملبہ نکالنے سے جڑے کام جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔