رمیش کیسر
نوشہرہ //نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے سرحد پار سے حالیہ گولہ باری کے بعد ضلع راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں کا وسیع دورہ کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اپنے دورے کے دوران گولہ باری کی وجہ سے گھروں کو پہنچے نقصان کا معائینہ کیا ، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور مختلف مقامات پر مکینوںسے بھی بات چیت کی ۔ بات چیت کے دوران انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور وسائل اور کوششوں کو فعال طور پر متحرک کر رہی ہے تا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ایل او سی کے قریب رہنے والے ہر ایک رہائشی کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ اپنے دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف مقامات پر متعدد وفود سے ملاقات کی جس میں مقامی باشندوں نے انہیں مختلف امور کے بارے میں آگاہ کیا جو بنیادی طور پر انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کی تعمیر ، حالیہ کراس بارڈر فائرنگ کے دوران ہوئے نقصان کا معاوضہ ، پانی کی کمی ، غیر منقولہ بجلی کی کٹوتیوں اور لنک سڑکوں وغیرہ سے متعلق تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ عہدیداروں کو ان کی شکایات کو حل کرنے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں اور لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی ہر ایک شکایت کو مرحلہ وار طور سے دور کیا جائے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی حفاظت کیلئے علاقے میں اضافی بنکروں کیلئے نشاندہی کی گئی ہے اور انہیں جلد ہی تعمیر کیا جائے گا ۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران بھی تھے ۔