رمیش کیسر
نوشہرہ//ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر سریندر چوہدری نے نوشہرہ میں بس اسٹینڈ پر جاری کار پارکنگ کی تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ یہ منصوبہ میونسپل کمیٹی نوشہرہ کے تحت 4.75 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور علاقے میں پارکنگ کے بڑھتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔اس موقع پرسریندر چوہدری نے تعمیراتی ایجنسی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ منصوبے کی تکمیل میں تیزی لائیں اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پارکنگ کی سہولت مقامی لوگوں اور وزیٹرز کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی کیونکہ یہ ایک منظم اور آرام دہ پارکنگ اسپیس فراہم کرے گی۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ’’یہ منصوبہ علاقے کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک بہت ضروری قدم ہے۔ اس کے مکمل ہونے کے بعد، اس سے ٹریفک کے انتظام میں بہتری آئے گی اور مسافروں کی زندگی کو آسان بنایا جائے گا‘‘۔معائنے کے دوران موصوف کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ، بابو رام ٹنڈن اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سریندر چوہدری نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت شہری بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس طرح کے ترقیاتی منصوبے عوامی سہولت کے لیے اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پارکنگ کی تعمیر سے نہ صرف مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا بلکہ یہ علاقے میں آنے والے وزیٹرز کے لئے بھی آسانی پیدا کرے گا۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے شہر کے اندر ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔موصوف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے اس طرح کے مزید منصوبوں پر کام جاری رکھے گی تاکہ عوام کی زندگی میں آسانی اور بہتری لائی جا سکے۔