سنگل ٹنل کے جاری کام کا معائنہ اورمتاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی کی ہدایت
رمیش کیسر
راجوری//جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر، سریندر چوہدری نے ڈاک بنگلہ راجوری میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس میٹنگ میں سندر بنی اور نوشہرہ کے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا اور عوامی مشکلات پر غور کیا گیا۔اس موقع پر اے ڈی سی سندر بنی پرتیم لال تھاپا، ایس ای پی ڈبلیو ڈی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام بند سڑکوں کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔بعد ازاں ڈپٹی چیف منسٹر نے سندر بنی بازار کا دورہ کیا جہاں حالیہ بارشوں کے سبب کئی دکانوں میں پانی بھر گیا تھا۔ انہوں نے برو کے افسران کو موقع پر ہی ہدایت دی کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔ایک علیحدہ دورے کے دوران، سریندر چوہدری نے کلیدھار کے مقام پر زیرِ تعمیر سنگل ٹنل کا معائنہ کیا جو راجوری اور جموں کے درمیان ایک اہم سڑک رابطہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو معیار پر سختی سے عمل درآمد اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خطے میں بہتر رابطے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے نہایت اہم ہے۔ڈپٹی چیف منسٹر نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی کو بحال کرے گی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔