رینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے بجلی کے شعبے میں ٹرانسمیشن اور تقسیم کاری میں ہو رہے نقصانات کو کم کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے پر زور دیااور وادی میں بجلی کی کلہم صورتحال کو بہتر بنانے کی ہدایت دی ۔نائب وزیر اعلیٰ جو پاور ڈیولپمنٹ اور مکانات و شہری ترقی کے وزیر بھی ہیں نے ان باتوں کا اظہارکل کشمیر ڈویژن میں بجلی کی صورتحال کاجائز ہ لینے کے سلسلے میں بلائی گئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔مکانات و شہر ی ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش اور پاور ڈیولپمنٹ کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر سنگھ نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پروجیکٹو ں پر جاری تعمیر ی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور بجلی نظام کو استحکام بخشنے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں بجلی کی بلا خلل سپلائی کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لئے کام کریں۔ انہوںنے افسروں سے کہا کہ وہ پہلے سے طے شدہ بجلی کے شیڈول پر سختی سے عمل کریں اور شیڈول سے باہر بجلی بند کرنے کے سلسلے کو روکیں۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ آلسٹینگ گرڈ سٹیشن کو چالو کر نے کے بعد سرینگر اور ساوتھ کشمیر میں بجلی کا نظام بہتر ہوگا۔ انہوںنے اس گرڈ سٹیشن کی تکمیل کیلئے اگست 2018ء کی تاریخ مقرر کی۔ بجلی ٹرانسفارمروں کی دستیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اب تک 200 ٹرانسفارمروں کو حاصل کر کے خراب شدہ ٹرانسفارمروں کی جگہ بدلنے کے لئے تیار رکھا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ بڑھتی ہوئی ضرورتوں کے مد نظر افرادی قوت میں بھی اضافہ کرنے پر غور کر رہا ہے۔کمشنر سیکرٹری ہاوسنگ اور پی ڈی ڈی ہردیش کمار ، چیف انجینئر پی ڈی ڈی ، وی سی لاوڈا ، وی سی ایس ڈی اے ، کمشنر ایس ایم سی ، ایم ڈی ہاوسنگ بورڈ ، ایم ڈی جے کے پی ڈی سی و دیگر سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔