عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے عوامی سہولیات کو بہتر بنانے اورمؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کل صنعت گھر بمنہ سری نگرمیں مختلف سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر اِنڈسٹریز کشمیر، ایم ڈِی جے کے منرلز، ایم ڈِی ایس آئی سی او پی،ایس آئی ڈِی سی او، ایم ڈی ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن، کے وی آئی بی اور ٹی پی او کے دفاتر کا دورہ کیا تاکہ ان دفاترکے کام کاج کا جائزہ لیا جا سکے اور لوگوں کو بغیر پریشانی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو دربار مو کے پیش نظر سری نگر میں تعینات رہنے کی ہدایت دی تاکہ شہریوں کو بروقت خدمات میسر ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر شہری کو شفاف، فوری اور کورپشن سے پاک سرکاری خدمات ملنی چاہئیں۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ نائب وزیرا علیٰ نے جموں میں ادھیوگ بھون کا بھی اِسی طرح کا اچانک دورہ کیا تھا۔ پہلگام حملے کے بعد یہ نائب وزیراعلیٰ کا یہ پہلا اچانک دورہ ہے جو زمینی سطح پر خدمات کی فراہمی کا جائزہ لینے اور قابل رَسائی ، مؤثر اور اَچھی حکمرانی کے لئے حکومت کے مشن کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے اَقدام کا حصہ ہے۔