نئی دہلی //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ دہلی دورے کے دوران متعدد مرکزی وزراء سے ملے اور انہیں ریاست کی ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا ۔ مرکزی وزیر برائے سڑک ، ٹرانسپورٹ ، ہائی ویز و آبی وسائل ، نتن گٹکری سے ملاقات کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے جموں شہر میں دریائے توی کے تحفظ کا معاملہ اٹھایا ۔ انہوں نے شروعات میں شہر کے مرکز سے گذرنے والے 3.5 کلو میٹر حصہ پر سابر متی ریور فرنٹ کی طرز پر 396.525 کروڑ روپے کی لاگت سے پہلے مرحلے میں کام شروع کرنے کی تجویز پیش کی ۔ ڈاکٹر سنگھ نے 396 کروڑ روپے تک کی رقم واگذار کرنے کیلئے کہا تا کہ جموں شہر کے اس اہم پروجیکٹ پر کام شروع کیا جا سکے جس سے نہ صرف شہر کی رونق میں اضافہ ہو گا بلکہ اس تاریخی دریا کا تحفظ بھی یقینی بنے گا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے پانیکھر ( کرگل ) ۔ چندن واڑی ۔ کشتواڑ سڑک کی مجوزہ تعمیر کیلئے لازمی اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک ریاست کے تین خطوں کو براستہ سڑک جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور ان علاقوں کے لوگوں کو بہتر سڑک رابطہ سہولیات بھی فراہم کرے گی ۔ ڈاکٹر سنگھ نے150.28 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے 5 سڑک پروجیکٹوں کو منظور کرنے کی بھی مانگ کی جس میں فنتر سے بلاور تک سڑک کی کشادگی ، سکھرال سڑک کی کشادگی کا باقی ماندہ کام اس کیلئے 42.94 کروڑ روپے درکار ہیں ، دیال چک چالان سڑک سے کولی کُپڈ سڑک ( جس کیلئے 20 کروڑ روپے درکار ہیں ) ، کھنہ بل اننت ناگ میں 21.04 کروڑ روپے کی لاگت آنے والے اضافی 90 میٹر سپین آر سی سی پُل ، این ایچ آئی ڈی سے کرگل میں ارچو چوسکور (21 کلو میٹر ) سڑک کی 24.08 کروڑ روپے کی لاگت سے توسیع کا کام ، بروگ لونا وکا، شرلنگ واک ، سرک کھنگرال ، کُک تسے اور تومیل سے گرونگول اور لنگما برون ( 23.30 کلو میٹر طویل ) سڑکوں کی کشادگی و توسیع ( 42.22 کروڑ روپے ) شامل ہیں ۔ نتن گٹکری نے ڈاکٹر سنگھ کو یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ریاست کی تیز تر ترقی کیلئے کوشاں ہے اور اُن کی جانب سے اٹھائے گئے تمام معاملات عنقریب حل کئے جائیں گے ۔ نائب وزیر اعلیٰ مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو سے بھی ملے اور جموں میں موجودہ ہوائی اڈے کی توسیع سے متعلق معاملات اٹھائے ۔ انہوں نے نئے ہوائی اڈے کیلئے اراضی کی نشاندہی کا معاملہ بھی اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ حاصل کی گئی زمین کے قابلِ عمل ہونے کی جانچ کرنے کیلئے تکنیکی ٹیم بھجنے کیلئے بھی کہا ۔ انہوں نے اراضی کیلئے معاوضہ فراہم کرنے کے معاملات حل کرنے کی بھی مانگ کی ۔ مرکزی وزیر برائے شہری ترقی نے نائب وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ اُن کی جانب سے پیش کئے گئے تمام مسائل اور مانگیں عنقریب پوری کی جائیں گی ۔