عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیراعلیٰ سریندر چودھری سے سول سیکرٹریٹ سرینگر میں کئی وفود اور افراد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل و مطالبات پیش کئے۔سوپور کے ایم ایل اے ارشاد رسول کار کی قیادت میں سیر جاگیر اور دیگر دیہات کے لوگوں کے ایک وفد نے ڈی آئی سی ایم سے ملاقات کی اور سوپور میں ریت کی غیر قانونی کانکنی کا مسئلہ اٹھایا۔چودھری نے انہیں مسئلے کے حل کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کا یقین دلایا۔جموں و کشمیر کنٹریکٹر زکوآرڈی نیشن کمیٹی کے ایک وفد نے بھی نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے اسسٹنٹ انجینئروں کے ایک وفد نے سینیارٹی لسٹ اور پرموشن کے حوالے سے اپنے مسائل موصوف کی نوٹس میں لائے۔دریں اثناء متعدد افراد نے ڈپٹی سی ایم سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا، جن میں بنیادی طور پر سڑکوں، پانی کی کمی، بجلی کی بے قاعدہ فراہمی، منتقلی اور سڑکوں کے رابطے سے متعلق تھے۔نائب وزیراعلیٰ نے لوگوں کو صبر سے سنا اور یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔عام لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کئی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے ڈپٹی سی ایم نے تمام سرکاری دفاتر میں عام لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات کی فراہمی پر زور دیا۔