سرینگر//نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وادی میں بارشوں کے بعد پید ا شدہ صورتحال کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لعل چودھری ، چیف سیکرٹری بی آر شرما، فائنانشل کمشنر بی بی ویاس ، آئی جی پی کشمیر ایس جے ایم گیلانی اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ دریائے جہلم میں گذشتہ روز کے مقابلے میں مختلف مقامات پر پانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے ۔انہیں بتایا گیا کہ شہر کے مختلف حصوں میں پانی کی نکاسی کیلئے 140 سے زائد پمپ اور 32 فائر ٹینڈر کام پر لگائے گئے ہیں جبکہ صوبائی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر باندھوں کے تحفظ کیلئے عملے اور مشینری کو کام پر لگایا ہے اور 12لاکھ 65ہزار ریت کی بوریاںباندھوں کے تحفظ کے لئے دستیاب رکھی گئی ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ وادی میں ہر ضلع میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں امکانی صورتحال کے پیش نظر عوام کو منتقل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے پاس ایس آر ٹی سی گاڑیاں اور کشتیاں دستیاب رکھی گئی ہیں ۔نائب وزیرا علیٰ کو بتایا گیا کہ محکمہ امور صارفین کی طرف سے اگلے دو ماہ کے لئے غذائی اجناس کا ذخیرہ کیا گیا ہے جبکہ بوٹلنگ سٹیشن پر 56000 رسوئی گیس سلنڈر سٹاک کئے گئے ہیں اور 1,27000 رسوئی گیس سلنڈر وادی وارد ہو رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے وادی میں رسوئی گیس سلنڈروں کا معقول سٹاک دستیاب رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کم سے کم 15سے 20دنوں کے لئے ذخیرہ موجود رکھنے کی ہدایت دی۔ایس ایم سی کمشنر نے بتایا کہ شہر میں فی الوقت 80ڈی۔ واٹرنگ سیٹشن کام کر رہے ہیں اور 90فیصد شہر سے پانی کی نکاسی کی گئی ہے ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ایس ڈی آر ایف سکیم کے تحت ڈپٹی کمشنروں کو باز آباد کاری کاموں کے لئے 50لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ اگلے ہفتے کے لئے بھاری بارشوں کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔میٹنگ میں شہر میں خراب پڑے ڈرنیج سسٹم کے مستقل حل کے لئے بھی متعلقین سے تجاویز طلب کی گئیں۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے شہر سرینگر کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے اچھن ڈمپنگ سائٹ کا بھی دورہ کیا اور زیر تعمیر سیگریگٹیر کا جائزہ لیا۔ انہوںنے مذکورہ کام کی رفتار میں سرعت لانے کی متعلقین کو ہدایت دی۔