عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے متعدد اقدامات اور پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہارجموں میں پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی ایچ ڈِی سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ ورکشاپ برائے انٹلیک چوئل پراپرٹی رائٹس (آئی پی آر)، تجارت اور کاروباری ترقی کے اِفتتاح کے بعد کیا ۔اِس ورکشاپ کا اہتمام مرکزی وزارت ایم ایس ایم ای کے دفتر آف ڈیولپمنٹ کمشنر ایم ایس ایم ای کے اشتراک سے ہوٹل ریڈیسن بلیو جموں میں منعقد کیا گیا۔اِس تقریب کی نظامت کے فرائض ڈائریکٹر پی ایچ ڈِی سی سی آئی کنچن زُتشی نے اَنجام دی ۔ورکشاپ کا مقصد جموںوکشمیر میں اِنٹلیک چوئل پراپرٹی راٹس( آئی پی آر) ، تجارت اور کارباری فروغ سے متعلق بیداری پیدا کرنا اور حکمت عملی وضع کرنا تھا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ ، ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں ڈاکٹر ارون منہاس ، ممتاز صنعت کار ، پی ایچ ڈِی سی سی آئی کے ملازمین اور سینئر اَفسران موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے عالمی سطح پر انٹلیک چوئل پراپرٹی رائٹس کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ایپل، کے ایف سی اور میکڈونلڈز جیسے برانڈز کی مثالیں دیں اور کہا کہ مضبوط آئی پی حکمت عملی عالمی کامیابی کو یقینی بناتی ہے۔ اُنہوں نے مقامی کاروباری اَفراد خصوصاً لیونڈر فارمروں اور باسمتی چاول کے پروڈیوسروںکو برانڈ رجسٹریشن کے لئے سراہا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کی مقامی معیشت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت سے بخوبی واقف ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت مقامی ہنر مند افراد کو روزگار کے مواقع دینے اور مقامی کاروباری اداروں کو سپورٹ فراہم کرنے کے لئے مؤثر پالیسیاں عملائیں گی۔ کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت نے حکومتی پالیسیوں پر روشنی ڈالی جن کا مقصد صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اُنہوں نے آئی پی آر کو معاشی ترقی کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا اور کاروباری اداروں کو جدت اور برانڈ پروٹیکشن میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔ڈائریکٹر صنعت و حرفت نے مقامی کاروباری اداروں میں آئی پی آر کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور حکومتی سکیموں سے فائدہ اُٹھا کر پیٹنٹ اور ٹریڈ مارک رجسٹریشن کی ترغیب دی۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی خانصاحب سیف الدین بٹ نے بھی اَپنے خیالا ت کا اِظہار کیا۔چیئرمین پی ایچ ڈی سی سی آئی جموں چپٹر راکیش وزیر نے اِفتتاحی خطاب میں کہا کہ برانڈنگ، اِختراع اور آئی پی پروٹیکشن کاروباری اداروں کی مسابقت کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے شرکأ پر زور دیا کہ وہ اپنی انٹلیک چوئل پراپرٹی کو محفوظ بنائیں تاکہ طویل مدتی کامیابی حاصل کر سکیں۔نیشنل آئی پی یاترا پروگرام نے اس ورکشاپ کے ذریعے جموں و کشمیر میں انٹلیک چوئل پراپرٹی فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لئے آئی پی آر بیداری، پالیسی اِصلاحات اور فعال اقدامات کی بنیاد رکھی ہے۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں کا دورہ | کٹھوعہ انکائونٹر میں زخمیوں کی خیرو عافیت دریافت کی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہسپتال جموں کا دورہ کیا اور کٹھوعہ انکاؤنٹر میں زخمی ہوئے پولیس اہلکاروں کی خیرو عافیت دریافت کی۔اَپنے دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے ہسپتال اِنتظامیہ اور طبی عملے سے ملاقات کی اور زخمیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے جی ایم سی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے کے لئے تمام ضروری وسائل کو یقینی بنایا جائے۔نائب وزیر اعلیٰ نے زخمیوں اور اُن کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی اور اُنہیں حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا، ’’ہمارے لوگوں کی سلامتی اور صحت اوّلین ترجیح ہے۔ میں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ کٹھوعہ انکاؤنٹر میں زخمی ہونے والوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ چھوڑے ۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے متاثرہ کنبوںکے ساتھ یکجہتی کا اِظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ محکمہ صحت اور مقامی اِنتظامیہ کے سینئراَفسران بھی تھے جنہوں نے انہیں طبی انتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔