عظمیٰ نیوزسروس
جموں//حال ہی میں شدید بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا زمینی جائزہ لینے کے لیے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جموں شہر کا ایک وسیع دورہ کیا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے سدھرہ، مجین، لوئر رنگورا اور داورہ چوک کے نشیبی اور سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین سے بھی بات چیت کی، اور ان علاقوں میں رہائشی مکانات، زرعی کھیتوں، عوامی سہولیات اور سڑکوں کے نیٹ ورک کو پہنچنے والے نقصان کی حد کا جائزہ لیا۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام متاثرہ خاندانوں کو راشن، پینے کے صاف پانی، ادویات اور عارضی پناہ گاہوں کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جائے۔عوامی بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا سنجیدگی سے جائزہ لیتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ نقصانات کی ایک جامع تشخیصی رپورٹ فوری طور پر حکومت کو پیش کرنے کے لیے تیار کریں، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد مناسب معاوضہ اور بحالی کے پیکجز میں توسیع کی جاسکے۔سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سریندر چودھری نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی بہبود کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ بروقت امداد اور بحالی عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوںنے متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ محکمے تیزی سے ریلیف، مناسب بحالی اور رہائشیوں کی طویل مدتی حفاظت کے لیے مل کر کام کریں۔بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے ڈی آئی سی جموں کا بھی اچانک دورہ کیا اور کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حاضری کا رجسٹر چیک کیا اور دفتر میں وقت کی پابندی کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔سریندر چودھری نے فوری خدمات کی فراہمی، عوامی آمد و رفت کے بہتر انتظام اور بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام سرکاری اسکیموں کے فوائد حقیقی وقت میں لائن میں کھڑے آخری فرد تک پہنچنا چاہئے اور افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو پریشانی سے پاک خدمات حاصل ہوں۔