رمیش کیسر
نوشہرہ//راجپوت تنظیم سے جڑے ہوئے نوجوانوں نے مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف نائب وزیراعلیٰ سریندر چودری کی طرف سے اسمبلی میں دئیے گئے بیان کے خلاف ٹی سی پی نوشہرہ پل پر احتجاج کیا اور نائب وزیراعلیٰ کے خلاف نعرے بازی کی۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے نائب وزیراعلیٰ سریندر چوہدری نے اسمبلی کے اندر اپنے ایک بیان میں جموں و کشمیر کے سابق مہاراجہ ہری سنگھ کو ’’ڈکٹیٹر‘‘کہا تھا جس کے بعد پورے جموں و کشمیر میں راجپوت برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور ان سے منسلک مختلف تنظیموں کے عہدے داروں نے نائب وزیراعلیٰ کے خلاف سڑکوں پر اترنا شروع کر دیا ہے۔اسی سلسلے کے تحت ٹی سی پی نوشہرہ پل پر یوا راجپوت سبھا کے ضلع صدر سچن منہاس کی زیر قیادت درجنوں نوجوان اکٹھا ہوئے اور انہوں نے نائب وزیراعلیٰ سریندر چودری کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔اس موقع پر بولتے ہوئے سچن منہاس نے کہا کہ نائب وزیراعلیٰ کی طرف سے اسمبلی میں دئیے گئے ایسے بیان، جس میں راجہ ہری سنگھ کو ’ڈکٹیٹر‘ کہا گیا ہے، کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے نائب وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر معافی مانگیں۔