جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاست میں پن بجلی پروجیکٹوں کو مرتب کرنے اور اُن پر عمل درآمد کے عمل میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ نائب وزیر اعلیٰ ریاست میں پن بجلی پروجیکٹوں کے فروغ میں سرعت لانے کیلئے طلب کی گئی افسران کی میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین چودھری ، کمشنر سیکرٹری محکمہ بجلی ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس پی ڈی سی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ ڈاکٹر سنگھ نے جاری بجلی پروجیکٹوں پر کام کی رفتار میں سرعت لانے کی افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے ریاست میں بجلی کی ترسیل میں بہتری آئے گی ۔ وزیر اعظم پیکج کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیکج کے تحت نئے بجلی پروجیکٹوں کیلئے پہلے ہی خصوصی رقم مختص کی گئی ہے اور اب یہ ریاستی انتظامیہ پر منحصر ہے کہ وہ کیسے نئے بجلی پروجیکٹوں پر یہ رقم استعمال کرے گی ۔ جس سے نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا بلکہ جن علاقوں میں یہ پروجیکٹ تعمیر کئے جائیں گے وہاں روز گار کے مواقعے بھی پیدا ہوں گے ۔ دورانِ میٹنگ ریاست میں پن بجلی پروجیکٹوں کی تعمیر میں سرعت لانے میں درپیش مسائل پر بھی غور و خوض ہوا اور اُن سے نمٹنے کیلئے مختلف تجاویز اور اقدامات تجویز کئے گئے ۔