جموں //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے افسروں کو دردست لئے گئے پروجیکٹوں میں سرعت لا کر ان کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔نائب وزیر اعلیٰ آج یہاں مکانات و شہری ترقی شعبے کے تحت جموں میونسپل کارپوریشن ، جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے دردست لئے گئے پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی ایک میٹنگ میں بول رہے تھے۔میٹنگ میں مکانات و شہری ترقی کے کمشنر سیکرٹری ہردیش کمار ، جموں میونسپل کارپوریشن کمشنر اور ڈائریکٹر لینڈ منیجمنٹ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے امرت کے تحت شروع کئے گئے 143.54 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کی فوری تکمیل کی ہدایات دیں ۔انہوں نے کہا کہ افسران کو اس مقصد کے لئے قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں شہر میں امرت کے تحت 143.54کروڑ روپے کی مجموعی لاگت کے کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن میں ڈرنیج ، سیوریج ،سپٹیج ،شہری ٹرانسپورٹ اور جموں کے مختلف نالوں میں سبز پٹیاں قائم کرنا شامل ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈرنیج کی تعمیر و تجدید کا کام ستواری وہار، شیر خانیاں ،راجیو بستی ، وکرم چوک،وسنت وہار ،سواگت وہار ، ترکوٹا نگر،ایکسٹنشن ، ایس ٹی محلہ، ایف سی آئی گودام کے عقب میں ،مرکزی رہاڑی نالہ ،سائنس کالج کے عقب میں ،جے کے اے پی لائنز چھنی راما کنال روڑ میں جاری ہے جن پر 43.79 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے۔اسی طرح سیوریج سیکٹر کے تحت دریائے توی کے بائیں کنارے پر واقع پانچ نالوں کے ٹریٹمنٹ کے لئے 27.52کروڑ روپے کی لاگت سے چار ایم ایل ڈی ایس ٹی پی کی تعمیر پر کام جاری ہے۔سبٹیج سیکٹر کے تحت بھگوتی نگر میں 8.64کروڑ روپے کے پروجیکٹ پر کام جاری ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہر ی ٹرانسپورٹ سیکٹر کے تحت پنج تیرتھی ، پریڈ ،سرکیولر روڑ اور گاندھی نگر میں کثیر منزلہ پارکنگ عمارات کی تعمیر اور پیر کھو میں انٹلیجنٹ ٹریفک سسٹم کی تنصیب اور پیدل چلنے والوں کے لئے واک وے کی تعمیر پر کام جاری ہے جن پر 58.55کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے۔نالوں کے کناروں پر سبز پٹیاں قائم کرنے کے لئے 5کروڑ روپے کے پروجیکٹ بھی دردست لئے جارہے ہیں۔