عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے صنعت و تجارت، ایس آئی سی او پی، جے کے معدنیات، جیولوجی مائننگ، دستکاری محکمہ سمیت مختلف محکموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے بکرم چوک جموں کے مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے ان تمام محکموں کے کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں کی سکیموں کو موثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے کوششیں تیز کریں۔عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے مختلف ترقیاتی اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لئے کہا۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوامی خدمت کی فراہمی کے طریقہ کار کو تیز کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ہمیں عام لوگوں کے لیے دستیاب ہونا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ رسائی ہو جس سے مختلف حکومتی اقدامات کی ضرورت پر مبنی اور مناسب نفاذ کو یقینی بنایا جائے‘‘۔