عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نےگورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج جموں کا دورہ کیا اور ادارے کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ کالج کے سینئر فیکلٹی ممبران بھی تھے۔کالج کے احاطے کے اپنے وسیع دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف فیکلٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو فراہم کی جانے والی کلاس رومز، لیبز اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔فیکلٹی ممبران سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے اور انہیں مختلف صنعتی تجارتوں میں تربیت دینے کا ایک جامع پروگرام شروع کیا ہے۔سریندر چودھری نے کہا کہ یہ انہیں تکنیکی طور پر ہنر مند بنائے گا، تاکہ وہ کاروباری صلاحیتوں کو اپنا سکیں اور اپنی آمدنی پیدا کرنے والے یونٹس شروع کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے وہ روزگار کے تخلیق کار بنیں گے اور دوسروں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔انہوںنے کالج انتظامیہ کو طلباء کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا قوم کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ہے اور انہیں تدریسی سہولیات اور متعلقہ خدمات میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔