عظمیٰ نیوز سروس
نوشہرہ //نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری نے ضلع راجوری کے نوشہرہ حلقہ میں پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی جسمانی و مالی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ افسران کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں حلقہ نوشہرہ میں پی ڈبلیو ڈی اور پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت جاری منصوبوں کے اثرات اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ، جو حلقہ نوشہرہ سے ایم ایل اے بھی ہیں، نے یو ٹی کیپکس، سٹی اینڈ ٹاؤن، نبارڈ، سماگرہ، پی ایم جی ایس وائی اور دیگر اسکیموں کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت کا احاطہ کیا۔چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) زون پیر پنچال نے بتایا کہ یو ٹی کیپکس کے تحت 73.49 کروڑ روپے کی لاگت سے 38 سڑکیں اور 18.34 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 پل زیر تعمیر ہیں۔ سٹی اینڈ ٹاؤن اسکیم میں 4.66 کروڑ روپے کے 36 منصوبے جاری ہیں جبکہ 12.74 کروڑ روپے کے 52 نئے منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔ نبارڈ کے تحت 21 اور سماگرہ کے تحت 44 کام جاری ہیں جن پر بالترتیب 80.15 کروڑ اور 8.60 کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور جوابدہی کو بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے دیگر محکموں کے ساتھ اشتراک پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر کلر-پوٹھاپل اور چکلی بگلہ پل کو رواں مالی سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو جلد سہولت میسر ہو۔پی ایم جی ایس وائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے چیف انجینئر کو ہدایت دی کہ پی ایم جی ایس وائی-4 فیز دوم کے تحت کم از کم 50 سڑکوں کے ڈی پی آر تیار کیے جائیں۔ انہوں نے ٹینڈرنگ اور مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کرنے اور تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں معیاری انداز میں مکمل کرنے پر زور دیا۔