عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری اور خوراک، شہری سپلائی اور امور صارفین اور ٹرانسپورٹ کے وزیر ستیش شرما نے کٹھوعہ ضلع میں دو دن تک جاری رہنے والی جھڑپ میں اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ مارے جانے والے ہیڈ کانسٹیبل جگبیر سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں مٹو، اکھنور میں عمل میں آئیں۔تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد بشمول عزیز و اقارب مہلوک سپاہی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گاؤں کے شمشان گھاٹ پر جمع ہوئے۔قبل ازیں نائب وزیر اعلیٰ اور ستیش شرما نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرنے کے لیے جگبیر سنگھ کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے آنجہانی کی روح کے لیے ابدی سکون کے لیے دعا کی۔ڈپٹی چیف منسٹر نے جگبیر سنگھ کی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ست شرما، ممبران اسمبلی کی بلوندر، جسونت کی آخری رسومات میں شرکت
عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ//بی جے پی جموں کشمیر کے صدر ست شرما ، ایم ایل اے جسروٹا راجیو جسروٹیا، ایم ایل اے ہیرا نگر وجے شرما، ایم ایل اے کٹھوعہ بھارت بھوشن، ڈی ڈی سی کرن عتری، گوپال مہاجن، راش پال ورما اور دیگر کے ہمراہ بہادر دل بلویندر سنگھ جی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے آخری رسومات میں شرکت کی، ان کی آخری ارضی باقیات پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور تعزیت کے لیے ان کے گھروں کا دورہ کیا۔ست شرما نے کہا “ان کی عظیم قربانیوں کو سلام۔ ماتربھومی کی خدمت میں اپنی جان دینا الوہیت کی علامت ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی قربانیوں کا احترام کریں ‘‘۔انہوںنے کہا کہ ہندوستان جنگجوؤں کی سرزمین ہے اور اس نے اس روایت کو زندہ رکھا ہوا ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے اور اہل خانہ کو یقین دلایا کہ بی جے پی کا ہر کارکن ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے دوسروں کے ساتھ مل کر اللہ تعالیٰ سے انہیں جنت الفردوس میں جگہ دینے کی دعا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ “پاکستان جس نے ملی ٹینسی کو پروان چڑھایا ہے، وہ اپنے بنیادی حصے کو چیر رہا ہے لیکن بدمعاش قوم اب بھی ملی ٹینٹوں کو تربیت دینے اور انہیں سرحد پار سے گھسنے کے اپنے مذموم عزائم کو جاری رکھنے پر تلی ہوئی ہے۔ ہماری افواج پاکستان اور اس کے کٹھ پتلیوں کو منہ توڑ جواب دیں گی”۔
کانگریس کے سینئر قائدین بھی آخری رسومات میں شریک
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کانگریس کے سینئر لیڈروں نے کٹھوعہ انکاؤنٹر کےمارے جانے والے پولیس اہلکاروں کی آخری رسومات میں شرکت کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرنے کے ساتھ انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔سابق رکن پارلیمنٹ اور سینئر کانگریس لیڈر چودھری لال سنگھ، سابق وزیر ڈاکٹر منوہر لال شرما ،ڈی سی سی صدر کٹھوعہ پنکج ڈوگرا، راکیش چودھری، سباش بھگت، وجے تگوترا نے لونڈی، کٹھوعہ میں جسونت سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ انہوں نے مہلوک کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور خاندان کے افراد کے غم میں شریک ہوئے۔ ترجمان اعلیٰ رویندر شرما، سینئر لیڈر ہری سنگھ چب انچارج ڈی سی سی رورل اور ایس ڈی آر ٹی ایس ٹونی ڈی ڈی سی نے کھور میں ایچ سی جگبیر سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کی اور مہلوک سپاہی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے غم میں شریک ہوئے۔ رویندر شرما نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہماری بہادر سیکورٹی فورسز ان ہلاکتوں کا بدلہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹ اور ان کے سرپرست پاکستان سمیت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملی ٹینسی کے خاتمے کے لیے اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ اپنے جوانوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی سے زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹے۔پارٹی نے جموں خطہ میں ملی ٹینسی میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے کہا کہ وہ سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرے اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہماری افواج کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔