الیکٹورل کالج کی تیاریاں مکمل
نئی دہلی//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نائب صدر جمہوریہ ہند کے آئندہ انتخابات 2025 کے لیے الیکٹورل کالج کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ یہ عمل آئین ہند اور متعلقہ قوانین کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کمیشن نے بتایا کہ آرٹیکل 324 کے تحت کمیشن کو نائب صدر کے عہدے کیلئے انتخابات منعقد کرانے کا اختیار حاصل ہے۔دفعہ 66 شق(1) کے مطابق، نائب صدر کا انتخاب ایک الیکٹورل کالج کے ذریعے کیا جاتا ہے، جس میں راجیہ سبھا کے منتخب و نامزد ارکان اور لوک سبھا کے منتخب ارکانن شامل ہوتے ہیں۔صدارتی اور نائب صدارتی انتخابات کے قواعد 1974 کے قاعدہ 40 کے تحت، الیکشن کمیشن پر لازم ہے کہ وہ الیکٹورل کالج کے ارکان کی تازہ فہرست تیار کرے جس میں ان کے موجودہ پتے بھی شامل ہوں۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نائب صدر کے انتخابات کے لیے الیکٹورل کالج کی حتمی فہرست مرتب کر لی گئی ہے۔ اس فہرست میں تمام ارکان کے نام ان کے ریاست/مرکزی زیر انتظام علاقے کے اعتبار سے حروفِ تہجی کی ترتیب میں شامل کیے گئے ہیں اور ان کا ایک مسلسل سیریل نمبر دیا گیا ہے۔کمیشن نے مزید بتایا کہ یہ فہرست جلد ہی دستیاب ہوگی۔