عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //ہندوستان کے نائب صدر عہدہ کے لیے 9 ستمبر کو ووٹنگ ہوگی، اور اس کے لیے سبھی پارٹیوں نے حکمت عملی تقریباً تیار کر لی ہے۔ این ڈی اے اور انڈیا بلاک دونوں ہی اپنے اپنے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے یکساں نظریہ والی پارٹیوں سے بات چیت کا عمل انجام بھی دے چکے ہیں۔ اس درمیان بی جے ڈی اور بی آر ایس نے ایک ایسا اعلان کیا ہے جس نے ایک طرح سے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ ووٹنگ سے محض ایک روز قبل ان دونوں پارٹیوں نے اس انتخاب سے خود کو دور رکھنے کا ارادہ ظاہر کر دیا ہے۔ چندرشیکھر راوکی قیادت والی بی آر ایس اور نوین پٹنایک کی قیادت والی بی جے ڈی نہ ہی این ڈی اے میں شامل ہے، اور نہ ہی انڈیا بلاک میں۔ قومی سطح پر یہ دونوں ہی پارٹیاں کسی اتحاد کا حصہ نہیں ہیں۔ دونوں پارٹیاں خود کو کسی اتحاد کا حصہ بنانا بھی نہیں چاہتی ہیں، اسی لیے نائب صدر کے انتخاب سے خود کو دور رکھنے کا انھوں نے فیصلہ کیا ہے۔ دونوں پارٹیاں نے کہا کہ وہ این ڈی اے اور انڈیا بلاک، دونوں سے یکساں دوری بنائے رکھیں گے اور نائب صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔دوسری طرف بی جے ڈی لیڈر سسمت پاترا نے کہا کہ ان کی پارٹی کی ترجیح اڈیشہ کے 4.5 کروڑ لوگ ہیں۔ ہماری پارٹی کے صدر نوین پٹنایک نے سینئر لیڈران، سیاسی امور کی کمیٹی اور اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ غور و خوض کیا۔ اس کے بعد بی جے ڈی نے کل ہونے والے نائب صدر کے انتخاب سے دور رہنے کا فیصلہ لیا۔ بی جے ڈی نے ارادہ کیا ہے کہ وہ این ڈی اے اور انڈیا بلاک دونوں سے ہی یکساں دوری رکھے گی۔واضح رہے کہ نائب صدر عہدہ کے لیے انتخاب 9 ستمبر کو صبح 10 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے ختم ہوگا۔ انڈیا بلاک نے اس عہدہ کے لیے سبکدوش جج جسٹس بی سدرشن ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے، جبکہ این ڈی اے نے سی پی رادھاکرشن کو میدان میں اتارا ہے۔ اس انتخاب میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، یعنی لوک سبھا اور راجیہ سبھا، کے اراکین ووٹ دینے کے اہل ہوتے ہیں۔ادھر انڈیا الائنس نائب صدر کے انتخاب سے ایک دن قبل پیر کی شام اپنے ممبران پارلیمنٹ کو ووٹنگ کے عمل کے بارے میں معلومات دے گا۔اس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں ‘ماک پول’ کرایا جائے گا تاکہ منگل کو ووٹنگ کے دن انڈیا الائنس کے ممبران پارلیمنٹ کوئی غلطی نہ کریں۔ انڈیا الائنس کے ممبران پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں سمودھن سدن (پرانے پارلیمنٹ ہاؤس) کے مرکزی ہال میں شام 4 بجے ‘مک پول’یعنی ووٹنگ کے عمل کی مشق کرایا جائے گا ۔