یواین آئی
نئی دہلی// الیکشن کمیشن نے جگدیپ دھنکھر کے مستعفی ہونے کے بعد نائب صدر کے عہدے کیلئے انتخابی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ کمیشن نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے نئے نائب صدر کے انتخاب کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور تیاریاں مکمل ہونے کے بعد جلد انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔ آرٹیکل 324 کے تحت الیکشن کمیشن آف انڈیا نائب صدر جمہوریہ کا انتخاب کرانے کا پابند ہے۔ ہندوستان کے نائب صدر کے عہدے کا انتخاب صدارتی اور نائب صدر کے انتخابات کے ایکٹ، 1952 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد، یعنی صدارتی اور نائب صدر کے انتخابات کے قواعد، 1974 کے تحت ہوتا ہے۔اسی مناسبت سے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے نائب صدر کے انتخابات، 2025 سے متعلق تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ عہدے کیلئے الیکٹورل کالج راجیہ سبھا کے ساتھ ساتھ لوک سبھا کے منتخب اور نامزد ارکان پر مشتمل ہے۔مرکزی وزارت داخلہ نے اپنی گزٹ نوٹیفکیشن(ای) ایس او 3354 مورخہ 22 جولائی 2025 کے ذریعے ہندوستان کے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ کو نوٹیفائی کردیا ہے۔