یو این آئی
جموں// ضلع راجوری کے ڈانگری گائوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں 6 عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد پولیس نے ضلع بھر میں چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ تیز کیا ہے۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کی خاطر نائب سرپنچ ، خاتون سمیت 12افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جمعہ کے روز بھی راجوری ضلع کے ڈانگری گائوں اور اْس کے ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی لی جس دوران ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔ راجوری میں شہری ہلاکتوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے مفرور ملی ٹینٹوں اور اْن کے ساتھیوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ پچھلے دو روز کے دوران پولیس نے راجوری میں خاتون ، نائب سرپنچ سمیت 12افراد کی گرفتاری عمل میں لاکر اْن سے پوچھ تاچھ شروع کی۔معلوم ہوا ہے کہ پچھلے تین روز سے ضلع بھر میں چھاپہ ماری جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ادھر سیکورٹی فورسز کی طرف سے شروع کئے گئے بڑے پیمانے پر آپریشن، جمعہ کو پانچویں دن میں داخل ہو گیا، فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے ضلع کے ایک درجن سے زیادہ دیہاتوں میں محاصرہ اور تلاشی جاری رکھی۔ڈانگری گاؤں میں جڑواں حملوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ تعداد میں دو ہیں اور وہ بھاری ہتھیاروں سے لیس ہیں۔جمعہ کو، مسلسل پانچویں دن، سیکورٹی فورسز نے راجوری ضلع کے ایک درجن سے زیادہ دیہاتوں میں آپریشن جاری رکھا جو راجوری، کنڈی، بدھل اور کالاکوٹ پولیس اسٹیشنوں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کے سینئر افسران اور آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں اور کچھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ دہشت گردوں کے قدموں کے نشانات کا پتہ لگایا جاسکے اور انہیں بے اثر کیا جاسکے تاکہ علاقے کے لوگوں میں اعتماد بحال کیا جاسکے۔دریں اثناء پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ جموں صوبے کے سبھی پولیس اسٹیشنوں میں تعینات عملے کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ذرائع کے مطابق سرینگر کی طرف جانے والی سبھی شاہراوں پر خصوصی ناکے بٹھائے گئے ہیں اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
راجوری واقعہ کے بعد
پیر پنچال اورچناب میں وی ڈی سی فعال ہونگے
جموں /یو این آئی/جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع میں بھی وی ڈی سی ممبران کو جدید اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے۔ایس ایس پی پونچھ نے بتایا کہ جہاں جہاں ضرورت پڑے گی وی ڈی سی ممبران کو اسلحہ فراہم کیا جائے گا۔ایس ایس پی پونچھ نے جمعے کے روز پونچھ کے دور افتادہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پر وی ڈی سی ممبران، سابق فوجیوں اور عام شہریوں سے ملاقات کی۔ ایس ایس پی نے بتایاکہ پونچھ میں بھی وی ڈی سی ممبران کو نیا اسلحہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو فعال بنایا جارہا ہے۔اْن کے مطابق مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افرادسے ملاقات کے دوران اہم مسائل پر گفت وشنید ہوئی۔انہوں نے کہاکہ جہاں پر بھی ضرورت پڑے گی ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کے ممبران کو اسلحہ دیا جائے گا۔انہوں نے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت دی۔ راجوری کے ڈانگری گائوں میں شہری ہلاکتوں کے بعد خط پیر پنچال میں وی ڈی سی ممبران کو فعال کرنے اور اْنہیں جدید اسلحہ سے لیس کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
وی ڈی سی ممبران
کے بندوقوں کی جانچ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//پولیس نے درابہ میں وی ڈی سی ممبران کو پولیس کی جانب سے بلا کر انہیں ازسر نو پولیس کی طرف ہدایات بھی جاری کی گئی اور حالات کے پیش نظر تمام عملی اقدامات کے بارے میں بیدار کیاگیا ۔پولیس نے وی ڈی سی ممبران کی بندوقوں کی جانچ کی۔جانچ کا عمل اس وقت شروع کیا گیا جب ایس ایس پی پونچھ روہت باسکوترا کی ہدایت پر دو افراد پر مشتمل آرمونر ٹیم سرنکوٹ پہنچی اور ضمن میں ڈی ایس پی سرنکوٹ تنویر جیلانی اور ایس ایچ او سرنکوٹ راجویر سنگھ کی نگرانی میں پولیس تھانہ سرنکوٹ میں ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیاجس میں سرنکوٹ کے وی ڈی سی ممبران کی بندوقوں کی جانچ کی گئی۔ اس کے فور بعد درابہ میں کیمپ منعقد کیا گیا جہاں درجنوں وی ڈی سی بندوقوں کی جانچ کی گئی پولیس کی طرف سے وی ڈی سی ممبران کو ہدایت جاری کی گئی کہ اپنی اپنی بندوقوں کی دیکھ بھال کریں اگر کوئی بھی دشواری پیش آتی ہے تو پولیس سے رابطہ کریں اور اپنی بندوق کی جانچ کروائیں سرکار نے آپ کے تحفظ کے لئے آپ کو بندوق دی ہے جس کی دیکھ ریکھ کرنا آپ کا فرض ہے۔