کولکاتہ// وزیراعظم نریندرمودی نے سائنس دانوں سے غریبوں اور متوسط طبقہ کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ اختراع اور تحقیق کا مقصد نئے ہندستان کی تعمیرہونا چاہئے ۔مسٹر مودی نے معروف سائنس داں ستیندرناتھ بوس کے 125ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب کا ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ،''سائنس و ٹکنالوجی کے شعبے میں کام کررہے ہر شخص کو اپنی تحقیق و اختراع کو نئے ہندستان کی تعمیر پر فوکس کرناچاہئے ۔ملک کے سائنس داں اپنی نئی سوچ کے ذریعہ ہمیں مثبت ٹکنالوجی فراہم کرتے رہیں تاکہ لوگوں کی زندگی سہل ہوسکے ۔''ڈاکٹر بوس کی پیدائش یکم جنوری 1894کو ہوئی تھی ۔کوانٹم میکینکس میں انکے کام کے لئے انھیں یاد کیا جاتاہے ۔انکی تحقیق نے بوس ۔آئنسٹائن اسٹیٹسٹکس اور بوس ۔آئنسٹائن کنڈینسنٹ نظریہ کے لئے بنیاد فراہم کی ۔جو ایٹم بوس ۔آئنسٹائن اسٹیٹسٹکس کے نظریہ کے مطابق سلوک کرتے ہیں ،انھیں ڈاکٹر بوس کے اعزاز میں بوسون ایٹم نام دیا گیا ہے جنھیں 'گاڈ پارٹیکل'کے نام سے بھی جانا جاتاہے ۔وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ''ستیندر ناتھ بوس کے یوم پیدائش کے 125ویں سال میں ہم ایک سال تک جاری رہنے والی تقریب کا آغازکررہے ہیں۔مجھے انکے کاموں کے بارے میں معلوم ہوا جو اپنے عہد اور سماج سے کہیں آگے تھے ۔آچاریہ ایس این بوس کی زندگی اور کاموں سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں ۔وہ خودہی اپنے استاذ تھے ۔تحقیق کے لئے باقاعدہ تعلیم اور عالمی سائنسی برادری کے ساتھ رابطہ کی کمی جیسی رکاوٹوں کے باوجود انھوں نے کامیابی حاصل کی۔