اسلام آباد// پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے نئے فوجی سربراہ کی تقرری کے بعد ملک کی فوجی پالیسی میں کسی بھی تبدیلی سے انکار کیا ہے ۔۔لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو فوج کے سربراہ راحیل شریف کی جگہ لیں گے جو تین سال کی اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔قبل ازیں وزیر برائے نجکاری محمد زبیر نے واضح کیا تھا کہ فوج کے سربراہ کی تبدیلی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی پالیسی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔محمد زبیر کا کہنا تھا کہ 'جنرل راحیل شریف بھی وزیراعظم نواز شریف کی پالیسی پر عمل پیرا تھے اور نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اُسی کو آگے لے کر چلیں گے '۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قمر جاوید باجوہ ایک بہت ہی قابل جنرل ہیں اور ان کی خدمات پر عوام فخر کریں گے ۔سول اور فوجی قیادت کے درمیان تعلقات کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوج پاکستان کا ایک بہت ہی اہم ادارہ ہے ، لہذا اختلافِ رائے بہت سے اداروں میں ہوتا ہے ، لیکن وہ امید کرتے ہیں کہ آنے والے مہینوں اور سالوں میں حکوت اور فوج کے تعلقات خوشگوار رہیں گے ۔