عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کل محکمہ سیاحت کی اُس تجویز کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقدکی جسے عالمی بینک کی طرف سے فنڈنگ کے لئے مرکزی وزارتِ سیاحت کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے اَگلے 4 سے 5 برسوں کی مد ت میں ان کی فنڈنگ کے لئے مرکزی وزارتِ سیاحت اور عالمی بینک کے ساتھ اُٹھائے جانے کے لئے محکمہ کی طرف سے تیار کردہ تجویز کا جائزہ لیا۔
اَتل ڈولو نے افسران پر زور دیا کہ وہ دونوں صوبوں سے ایسی منزلوں کا انتخاب کریں جو اِس وقت کم چل رہے ہیں اور اَپنی منفرد طاقتوں کے مطابق ترقی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اُنہوں نے مشورہ دیا کہ اُن مقامات اور دیگر قریبی کم معلوم مقامات کو بھی ایک سرکٹ کے طور پر تیار کیا جانا چاہئے۔ اُنہوں نے اِس منصوبے میں ایڈونچر، نیچر، تفریح، پلگرم یا ایکو۔
ٹوراِزم سے متعلق سرگرمیوں کو شامل کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ان منزلوں کے فروغ دینے کی تاکید کی جو موجودہ مقبول مقامات پر بھیڑ بھاڑ کے مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے اعلیٰ اور معیاری سیاحت پر توجہ دینے کو بھی کہا۔کمشنرسیکرٹری سیاحت یشا مدگل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس میں آس پاس کے علاقوں میں پہلے سے ہی تیار کردہ بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کرنے کے علاوہ بیڈ کیپسٹی سطحی اور فضائی رابطے ، مواصلاتی نیٹ ورک ، طبی صفائی ستھرائی اور دیگر عام سہولیات کے ساتھ ساتھ ماسٹر پلان کی تشکیل پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔یہ بھی اِنکشاف کیا گیا کہ اس منصوبے میں ایسے زونوں کی نشاندہی پر غور کیا جائے گا جو مہمان نوازی، تفریح، ایڈونچر یا ایکو۔ ٹوراِزم سرگرمیوں کے لئے تیار کئے جاسکتے ہیں۔