عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے کل کہا کہ حکومت نئے سکول کھولنے کے بجائے طلبأ کی بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے موجودہ سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور خالی اَسامیوں کو پُر کرنے پر توجہ کر رہی ہے۔ ایوان میں ارکان اسمبلی میر سیف اللہ اور فاروق احمد شاہ کے سکولوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے مشترکہ سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہوںنے بتایا کہ حکومت کے پاس سکولوں کو اگلے درجے تک (پرائمری سے مڈل، مڈل سے ہائی اور ہائی سے ہائیر سیکنڈری) اَپ گریڈ کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے کیوں کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اس وقت موجود سکولوں کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہا ہے جس میں ضروری بنیادی ڈھانچہ قائم کرنا اور تمام موجودہ سکولوںبالخصوص اَپ گریڈکئے گئے سکولوں میں عملہ فراہم کرنا شامل ہے۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ ہائی سکول سے ہائیر سیکنڈری سطح تک اَپ گریڈیشن کے لئے بنیادی ڈھانچے کا قیام، لیکچررز اور غیر تدریسی عملے کی اسامیاں معرض وجود میں لانا شامل ہے جس کے مالی اخراجات بہت زیادہ ہیں اور اس کے لیے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کی منظوری ضروری ہے۔