عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سندر بنی سب ڈویژن کی ترقیاتی پسماندگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بیوپار منڈل سندر بنی اور سناتن دھرم سبھا کے بینر تلے مختلف سماجی تنظیموں کے ارکان نے ایک پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے حکومت، خاص طور پر بی جے پی اور اس کے عوامی نمائندوں پر الزام لگایا کہ سندر بنی کو مکمل طور پر ترقیاتی نقشے سے باہر رکھا گیا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ راجوری ضلع کی تمام سب ڈویژنز، بشمول کالا کوٹ جو کہ سندر بنی جیسی ہی اسمبلی حلقے میں آتا ہے ،کے لئے نئے سڑک منصوبے منظور کئے گئے ہیں، لیکن سندر بنی کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے نے ہمیں بتایا کہ حکومت نے کوئی نیا سڑک منصوبہ منظور نہیں کیا، جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر نے ہمارے وفد کو بتایا کہ یہ ایم ایل اے کی ذمہ داری تھی کہ وہ سندر بنی کے منصوبے تجویز کرے‘‘۔ اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ سندر بنی اس سیاسی کھینچا تانی میں بری طرح پس رہا ہے۔پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ سندر بنی کے ساتھ سوتیلا سلوک برتا جا رہا ہے، جیسا کہ پہلے اسے نوشہرہ اسمبلی حلقے میں شامل کیا گیا، اور اب کالا کوٹ میں ضم کر دیا گیا، حالانکہ عوام کی جانب سے مستقل مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اسے الگ اسمبلی حلقہ بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے عوام ایک عرصے سے پی ڈبلیو ڈی ڈویڑن کے قیام کا مطالبہ کر رہے تھے، لیکن اسے بھی نظر انداز کر دیا گیا۔مقررین نے آخر میں کہا کہ سندر بنی کے عوام ہمیشہ بی جے پی کو ووٹ دیتے آئے ہیں، چاہے وہ ڈی ڈی سی انتخابات ہوں، پارلیمنٹ یا اسمبلی انتخابات، لیکن بی جے پی کے لیڈران اور عوامی نمائندے علاقے کی آواز کو متعلقہ سطحوں پر اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔