جموں //وزیر برائے مال ، آفاتِ سماوی ، امداد ، بازآباد کاری ، تعمیر نو اور پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج نئے اسمبلی کمپلیکس پر جاری کاموں کا معائینہ کیا ۔ اس موقعہ پر جموں کشمیر اسمبلی کے نائب سپیکر نذیر احمد گریزی ، قانون ساز سے شرما ، راجیو جسروٹیہ ، کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ سنجیو ورما ، سیکرٹری جموں کشمیر اسمبلی ایم آر سنگھ ، جنرل منیجر جے کے پی سی سی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ کمپلیکس پر جاری کاموں کا جائیزہ لینے کے دوران وزیر نے جنرل منیجر جے کے پی سی سی کو کام میں سرعت لا کر نومبر 2018 کے آخیر تک اس کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی تا کہ اگلے اسمبلی اجلاس کے انعقاد کیلئے کمپلیکس تیار ہو سکے ۔ ویری نے قانون سازوں ، افسران ، میڈیا افراد اور اجلاس کا مشاہدہ کرنے والوں کیلئے معقول نشستوں کا انتظام یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ اسمبلی کی کاروائی کو بحسنِ خوبی انجام دینے کیلئے ونٹی لیشن لائیٹنگ اور گرمایش کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ وزیر نے کہا کہ اسمبلی کمپلیکس کی تکمیل کیلئے معقول مقدار میں رقومات دستیاب ہیں اور تمام متعلقہ کاموں کی تکمیل کیلئے رقومات عنقریب واگذار کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کمپلیکس کی تکمیل یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی ایجنسی کو دوہری شفٹ میں کام کرنا ہو گا ۔ سپیکر کویندر گپتا نے متعلقہ افسران کو قانون سازوں کیلئے تمام مطلوبہ سہولیات سمیت قانون سازوں کیلئے نشستوں کا معقول انتظام یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ کمپلیکس میں میٹنگ ہالوں کی سہولیت بھی دستیاب رکھنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ کمپلیکس کے تمام التوا میں پڑے کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے کام میں سرعت لانے کی ضرورت ہے ۔انہیں بتایا گیا کہ کمپلیکس کا کُل ایریا 23465 مکعب میٹر پر مشتمل ہے جس میں دو بیسمنٹ بھی شامل ہیں اس کے علاوہ قانون ساز اسمبلی کی دو منزلیں جبکہ قانون ساز کونسل کیلئے بھی دو منزلیں وقف ہیں ۔ نیا کمپلیکس سیکرٹریٹ عمارت اور موجودہ اسمبلی کمپلیکس کے ساتھ جوڑا جائے گا ۔