سرینگر//عوامی اتحادی برائے گپکار اعلامیہ نے منگل کو الزام عائد کیا کہ نئے ارضی قوانین کا بنیادی مقصد جموں کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے۔
ایک بیان میں فورم نے جموں کشمیر کے اراضی قوانین کو برصغیر میں سب سے بہتر،کسان دوست اور ترقی پسند قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ جموں کشمیر وہ پہلا ملک تھا جس میں زرعی اصلاحات کا قانون لایا۔بیان میں کہا گیاکہ زرعی زمین کے قوانین میں ترامیم کے ذریعے غیر مقامی شہریوں کو زمین منتقل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔فورم نے کہا کہ زمین کو تحفظ فراہم کرنے کے سرکاری دعویٰ محض سراب ہیں ۔
فورم بیان کے مطابق اب جو قوانین ترامیم کے ذریعے نافذ کئے گئے ہیں وہ نہ صرف جموں کشمیر کے عوام کیخلاف ہیں بلکہ غیر جمہوری،غیر آئینی اور فرسودہ ہیں جن کا واحد مقصد یہاں کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے۔