سرینگر//نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشو نما کے لئے کھیل کود کو لازمی قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ریاست میں کھیل کود کی سہولیات کووسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے جہاں نئی پود میں پنہاں صلاحیتوں کو ابھارنے میں مدد ملے گی وہاں ہماری ریاست دنیا میں کھیلوں کے نقشہ پر ابھر کر سامنے آئے گی۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے ہیٹ رک سکول زکورہ میں چٹھی ٹانگ اِل موڈو بین ضلعی چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں ایسے مقابلوں کا مسلسل انعقاد بہت ضروری ہے ۔ ایسے مقابلوں کے انعقاد سے ہمارے بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ ہماری ریاست کی نئی پود صلاحیتوں سے مالا مال ہے لیکن نامساعد حالات اور مختلف وجوہات کی وجہ سے کھلاڑیوں کو مکمل سہولیات دستیاب نہیں۔اس کے باوجود ہمارے کھلاڑی ملکی اور غیر ملکی سطح پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ریاست کا نام روشن کررہے ہیں۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ سابق نیشنل کانفرنس حکومتوں کے دوران ریاست جموں وکشمیر میں کھیل کود کو فروغ دینے کیلئے لاتعداد اقدامات اٹھائے گئے اور درجنوں چھوٹے بڑے کھیل کے میدان کی تعمیر کئے، سینکڑوں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی، جس کی بدولت یہاں کے کھلاڑیوں نے نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی ریاست کا نام روشن کیا۔ اس موقعے پر ٹانگ ال موڈو ایسوسی ایشن کے چیئرمین نذیر مخدومی، سکریٹری ارشد عزیز اور سینئر صحافی اور ایشین میل کے مدیر اعلیٰ عبدالرشید راہل بھی موجود تھے۔